یوٹیوبر ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار روز کی توسیع

یوٹیوبر ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار روز کی توسیع
کیپشن: یوٹیوبر ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار روز کی توسیع

ویب ڈیسک: معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار روز کی توسیع کر دی گئی۔ انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے مزید ریمانڈ کی درخواست کی۔

حکومتی وکیل کا کہنا تھا کہ اب تک کی تحقیقات میں کئی اہم شواہد اور نام سامنے آئے ہیں۔ پانچ روزہ ریمانڈ کے دوران اکٹھے کیے گئے مواد کو مزید جانچنے کے لیے وقت درکار ہے، اس لیے مزید چار روز کی مہلت دی جائے۔ تاہم ڈکی بھائی کے وکیل چوہدری عثمان علی نے اس درخواست کی مخالفت کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف شواہد غیر تسلی بخش ہیں۔

عدالت نے حکومتی وکیل کے دلائل سننے کے بعد NCCIA کی درخواست منظور کر لی اور حکم دیا کہ ڈکی بھائی کا جسمانی ریمانڈ یکم ستمبر تک جاری رہے گا۔

تحقیقات کے مطابق ڈکی بھائی سمیت کئی سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر الزام ہے کہ انہوں نے آن لائن جوا کھیلنے والے ایپس کی تشہیر کر کے مالی فائدہ اٹھایا۔ ان پلیٹ فارمز کے باعث عوام کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق ڈکی بھائی کے یوٹیوب اکاؤنٹ سے ایسی 27 ویڈیوز کے لنکس حاصل کیے گئے جن میں ان ایپس کی پروموشن کی گئی تھی، تاہم ان میں سے کئی ویڈیوز بعد میں حذف کر دی گئیں۔

ایف آئی آر میں یوٹیوبر پر الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی دفعات 13 (الیکٹرانک جعل سازی)، 14 (الیکٹرانک فراڈ)، 25 (اسپیم) اور 26 (اسپوفنگ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 294 بی اور 420 بھی شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ ڈکی بھائی کو 16 اگست کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کا ابتدائی طور پر دو روزہ ریمانڈ لیا گیا، جسے بعد ازاں چار اور پھر پانچ دن کے لیے بڑھایا گیا۔ تازہ فیصلے کے مطابق وہ مزید چار روز تک حکام کی تحویل میں رہیں گے۔

Watch Live Public News