اترپردیش: گوگل میپس کی ٹیم کو دیہاتیوں نے چور سمجھ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

اترپردیش: گوگل میپس کی ٹیم کو دیہاتیوں نے چور سمجھ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
کیپشن: اترپردیش: گوگل میپس کی ٹیم کو دیہاتیوں نے چور سمجھ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور میں گوگل میپس کے لیے سروے کرنے والی ٹیم کو دیہاتیوں نے غلط فہمی کے باعث گھیر کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق گاؤں بیرہر میں گوگل میپس کے لیے کام کرنے والی ٹیم، جو ٹیک مہندرا کے ذریعے آؤٹ سورس کی گئی تھی، ایک کیمرہ فٹ گاڑی کے ذریعے گلیوں اور سڑکوں کی نقشہ کشی کر رہی تھی۔ ٹیم کا مقصد علاقے کی تصاویر اکٹھی کرکے انہیں گوگل میپس پر اپ لوڈ کرنا تھا تاکہ نقشے کو درست اور اپڈیٹ کیا جا سکے۔

تاہم جیسے ہی دیہاتیوں نے گاڑی پر لگے کیمرے دیکھے، انہیں شک ہوا کہ یہ لوگ چوری کی نیت سے معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔ کچھ ہی دیر میں درجنوں افراد نے گاڑی کو گھیر لیا، ٹیم سے سوال جواب کیے اور معاملہ بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔

صورتحال اس وقت قابو میں آئی جب پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ٹیم کو دیہاتیوں سمیت تھانے لے گئی۔ وہاں گوگل میپس کی ٹیم نے وضاحت دی کہ وہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں بلکہ صرف سروے کے لیے آئے تھے۔ پولیس کے مطابق وضاحت سننے کے بعد دیہاتیوں کا غصہ ٹھنڈا ہوگیا اور معاملہ ختم ہو گیا۔

گوگل میپس سے منسلک ایک اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی ٹیم کے پاس سروے کی اجازت پہلے سے موجود تھی اور وہ صرف اپنا پیشہ ورانہ کام کر رہے تھے، مگر بدقسمتی سے دیہاتیوں کے شبہات کے باعث ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوگئی۔

مقامی افراد کے مطابق علاقے میں حالیہ دنوں میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے، اسی وجہ سے وہ غیر معمولی طور پر چوکس تھے اور اسی تناظر میں یہ واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق علاقے میں امن و امان بحال کر دیا گیا ہے، کسی قسم کی مزید کشیدگی نہیں پائی جاتی اور گوگل میپس کی ٹیم نے بھی دیہاتیوں کے خلاف کوئی مقدمہ درج کرانے سے گریز کیا ہے۔

Watch Live Public News