ویب ڈیسک: پولینڈ میں ایف سولہ جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولینڈ کی فضائیہ کا ایک F-16 لڑاکا طیارہ جمعرات کو وسطی پولینڈ کے شہر راڈوم میں ایئر شو کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔
حادثے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں، جیٹ کو زمین پر گرنے سے پہلے بیرل رول ایروبیٹک مشق کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایروبیٹک مشق کرتے ہوئے اچانک جنگی لڑاکا طیارہ زمین پر آگرا اور پھٹ گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے گولے میں تبدیل ہو گیا۔ آگ کی لپیٹ میں آنے والا ایف سولہ جنگی طیارہ رن وے پر چند میٹر تک پھسلتا رہا۔
پولینڈ حکومت کے ترجمان نے جنگی طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایف-16 طیارے کو حادثہ ائیرشو کی ریہرسل کے دوران پیش آیا۔ ایئر فورس کے لیے یہ ایک عظیم نقصان ہے، جس پر افسوس ہے۔