بریڈمین کی بیگی گرین ٹوپی 4 لاکھ ڈالر سے زائد میں خرید لی گئی

بریڈمین کی بیگی گرین ٹوپی 4 لاکھ ڈالر سے زائد میں خرید لی گئی

(ویب ڈیسک) نیشنل میوزیم آف آسٹریلیا نے لیجنڈری کرکٹر سر ڈونلڈ بریڈمین کی وہ بیگی گرین ٹوپی خرید لی ہے جو انہوں نے 1946-47 کی ایشز سیریز کے دوران پہنی تھی۔ اس تاریخی ٹوپی کی قیمت 4 لاکھ 38 ہزار 500 آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 86 ہزار 700 امریکی ڈالر) ادا کی گئی۔ 

یہ ٹوپی بریڈمین نے اُس وقت پہنی تھی جب وہ دوسری جنگ عظیم کے بعد انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی پہلی سیریز میں آسٹریلیا کے کپتان تھے۔ آسٹریلیا نے یہ پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-3 سے جیتی تھی، جو 1948 کے ناقابلِ شکست "انوِنسِبلز ٹور" کی بنیاد بنی، جس میں آسٹریلوی ٹیم نے انگلینڈ میں ایک بھی میچ نہیں ہارا۔

آرٹس کے وزیر ٹونی برک کا کہنا ہے کہ  اس ٹوپی کو خرید کر ایک قیمتی قومی ورثہ محفوظ کر لیا گیا ہے تاکہ آنے والی نسلیں اس سے جڑ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ  آپ کو آسٹریلیا میں کوئی ایسا شخص مشکل سے ہی ملے گا جس نے ڈونلڈ بریڈمین کا نام نہ سنا ہو، جو بلاشبہ دنیا کے عظیم ترین بلے باز تھے۔

یہ بیگی گرین ٹوپی بریڈمین کی اُن صرف 11 ٹوپیوں میں سے ایک ہے جن کا وجود ریکارڈ پر ہے۔ ایک اور ٹوپی آسٹریلین اسپورٹس میوزیم میں رکھی گئی ہے، جبکہ باقی 9 ٹوپیوں کی لوکیشن پرائیویٹ رکھی گئی ہے۔

نیشنل میوزیم کی ڈائریکٹر کیتھرین میک میہون  کا کہنا ہے کہ سر ڈونلڈ کی بیگی گرین ٹوپی آسٹریلیا کے سب سے قابلِ فخر بلے باز کی زندگی کی نمائندگی کرتی ہے، اور ایک ایسے دور کی یاد دلاتی ہے جب کھیل کے ہیرو عوام کے لیے امید کی کرن بنے۔

خیال رہے کہ یہ نایاب ٹوپی اب نیشنل میوزیم کے "لینڈمارکس" گیلری میں رکھی گئی ہے، جہاں آسٹریلیا کی تاریخ کے اہم لمحات سے جڑے نوادرات نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

Watch Live Public News