ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کے لیے فوجی اہلکاروں کو مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوشن افسرز (ایم ای اوز) تعینات کرنے کی منظوری دے دی، جس کے بعد بھرتیوں کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
پنجاب کے 22 اضلاع میں ایک سالہ کنٹریکٹ پر ایم ای اوز بھرتی کیے جائیں گے۔ منتخب اہلکاروں کو ماہانہ 60 ہزار روپے تنخواہ کے علاوہ محکمہ تعلیم کے قواعد کے مطابق دیگر سہولیات اور مراعات دی جائیں گی، جبکہ مانیٹرنگ کے لیے سرکاری موٹر سائیکل بھی فراہم کی جائے گی۔ کنٹریکٹ میں توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔
بھرتیاں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت ہوں گی۔ جی سی اوز اور این سی اوز سے 7 ستمبر تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ امیدوار کی عمر 30 سے 55 سال، کم از کم تعلیم گریجویشن اور پنجاب کا ڈومیسائل ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے، جبکہ آئی ٹی کا تجربہ اور جسمانی طور پر صحت مند ہونا بھی لازمی ہے۔
پہلے مرحلے میں 28 ایم ای اوز بھرتی کیے جائیں گے، جن میں 21 فوجی اہلکار اور 7 سویلین شامل ہوں گے۔ دیگر اضلاع کے لیے دوسرے مرحلے میں الگ بھرتیاں کی جائیں گی۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے کے سرکاری اسکولوں میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے تقریباً ڈیڑھ لاکھ اسکول ٹیچنگ انٹرنز (STIs) کے کنٹریکٹ میں 9 ماہ کی توسیع کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لیے ارسال کردی ہے۔
سمری کی منظوری کی صورت میں ان کے کنٹریکٹ جاری تعلیمی سیشن کے اختتام، یعنی مارچ 2027 تک بڑھا دیے جائیں گے اور اس کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔