ویب ڈیسک: بھارت میں مختلف وجوہات کے باعث قید 25 پاکستانی شہریوں کو رہائی کے بعد واہگہ اٹاری بارڈر کے ذریعے وطن واپس پہنچا دیا گیا۔
پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق ضروری قانونی اور سفارتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پاکستانی شہریوں کو اٹاری، واہگہ سرحد کے ذریعے پاکستان منتقل کیا گیا۔ ہائی کمیشن کے حکام نے سرحد پر موجود رہ کر وطن واپسی کے عمل میں ضروری معاونت فراہم کی۔
ترجمان پاکستان ہائی کمیشن نے کہا کہ بھارت میں قید پاکستانی شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے حکومت مسلسل سفارتی اقدامات کر رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہائی کمیشن اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود اور قانونی و سفارتی معاملات کی پیروی جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ بھارتی جیلوں میں قید دیگر پاکستانی شہریوں کی جلد رہائی اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے بھی کوششیں جاری رہیں گی۔