موسم سرما کی پہلی بارش، سردی کی شدت بڑھ گئی

موسم سرما کی پہلی بارش، سردی کی شدت بڑھ گئی
لاہور: سردی کی لہر ملک بھر میں برقرار ہے ، لاہور، اوکاڑہ، شورکوٹ ، ساہیوال اور جھنگ میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ زیارت ، پشین اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے ۔ پنجاب کے مختلف شہروں جھنگ، ننکانہ صاحب، شورکوٹ، اٹک ،لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، بورے والا، میاں چنوں، قصور سانگلہ ہل اور شیخوپورہ سمیت گردونواح میں موسم سرما کی پہلی ہلکی ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ادھر بلوچستان کے مختلف مقامات کوئٹہ، پشین ، زیارت اور ڈیرہ بگٹی سمیت گردونواح میں بھی ہلکی ہلکی بارش سے سردی بھی بڑھ گئی ہے .محکمہ موسمیات نے گلیات ، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں بھی بارش کی پیش گوئی کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان میں بارش اور برفباری کی صورتحال کے باعث محکمہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے اعلانیہ پابندی کے تحت تمام اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ اور ڈیوٹی کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ برف باری کے مقامات پر آمدورفت کو یقینی بنانے کے لئے عملہ اور مشینری پہنچا دی گئی ۔ حکام کے مطابق ایمرجنسی صورتحال کے دوران ریسکیو فورس، سپورٹنگ سٹاف کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کے افسران کو بھی ہر وقت دفتروں میں رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ صوبے کے برف باری والے علاقوں میں آمد ورفت کو یقینی بنانے کیلئے ٹارگٹڈ جگہوں پر پہلے سے ہی عملہ اور ہائی مشینری پہنچائی دی گئی ہے ، صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور احتیاط کے پیش نظر متعلقہ علاقوں میں ریلیف کا سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات نے شہریوں سے بھی اس موسم میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔