کراچی سٹی کورٹ: معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر حملہ، شدید زخمی

کراچی سٹی کورٹ: معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر حملہ، شدید زخمی
کیپشن: کراچی سٹی کورٹ: معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر حملہ، شدید زخمی

ویب ڈیسک: کراچی کی سٹی کورٹ میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلاء کے ایک گروہ نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے دوران رجب بٹ کے جبڑے اور منہ سے خون بہنے لگا، جس کے بعد عدالتی احاطے میں کشیدگی پھیل گئی۔

رجب بٹ عبوری ضمانت کے لیے سٹی کورٹ میں پیش ہوئے تھے، جہاں اچانک وکلاء کے گروہ نے ان پر حملہ کر دیا۔ تشدد کے نتیجے میں وہ زمین پر گر گئے اور فوری طور پر طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور عدالتی عملے نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔

ذرائع کے مطابق، حملے کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہو سکیں اور وکلاء تنظیموں کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل بھی سامنے نہیں آیا۔ واقعے کے بعد سٹی کورٹ کے احاطے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سائلین اور دیگر افراد نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔

عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع کر دی۔ عدالتی کارروائی مختصر رہی اور زخمی یوٹیوبر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ قریبی ذرائع کے مطابق، رجب بٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں مزید طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے۔

پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عدالتی احاطے میں لگے کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ قانون کے خلاف کسی بھی کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Watch Live Public News