(ویب ڈیسک ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہدا پاک فوج کا فخر ہیں ، قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر عدیل زمان شہید کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا۔ نمازِ جنازہ میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور کور کمانڈر پشاور بھی شریک ہوئے۔ نمازِ جنازہ میں عسکری و سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدیل زمان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہوئے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دُعا کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ شہدا ہماری قوم کا فخر ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میجر عدیل زمان شہید کو ڈی آئی خان میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ پاک افواج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں،قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ بھی کیا۔انہوں نے زخمی افسران اور جوانوں کی عیادت کی۔ آپریشن میں زخمی ہونے والے جوانوں کے حوصلے کو سراہا گیا۔