توشہ خانہ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کا جرح کا حق ختم

عدالت کل بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا 342 کا بیان ریکارڈ کرے گی۔ 
کیپشن: The court will record the 342 statement of PTI founder and Bushra Bibi tomorrow.

ویب ڈیسک: توشہ خانہ کیس میں احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکلا کا جرح کا حق ختم کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں جاری توشہ خانہ ریفرنس جیل حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ 

عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشرا بی بی کے وکلا کا جرح کا حق ختم کر دیا۔ عدالت کل بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا 342 کا بیان ریکارڈ کرے گی۔ بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں آج ایک مرتبہ پھر وکیل تبدیلی کی درخواست دی۔

وکیل چوہدری ظہر عباس نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی طرف سے وکالت نامہ جمع کروادیا۔ پراسیکیوشن کی جانب سے وکیل تبدیلی کی شدید مخالفت کی گئی۔ نیب کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں دسواں وکیل تبدیل کیا جارہا ہے۔ کیس کو التوا میں ڈالنے کیلئے بار بار وکیل تبدیل کیے جارہے ہیں۔ وکلا صفائی مسلسل تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔ 

وکیل نیب امجد پرویز کا مزید کہنا تھا کہ پانچ سے چھ مرتبہ گواہ عدالت آچکے ہیں مگر وکلاء صفائی جرح نہیں کررہے۔  

یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں وکلا صفائی کی جانب سے صرف پانچ گواہوں پر جرح کی گئی۔ پراسیکیوشن نے توشہ خانہ کیس میں 16 گواہوں کے بیانات قلمبند کروا دیے۔ توشہ خانہ کیس میں نیب نے بیس گواہوں میں سے چار گواہوں کو ترک کر دیا۔