ویب ڈیسک: امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کی واپسی کا معاملہ،خاتون سے ایئرپورٹ حکام اور امریکی قونصلیٹ کی 2 رکنی ٹیم نے ملاقات کی۔امریکی قونصلیٹ کی ٹیم بھی خاتون کو واپسی کے لیے راضی نہ کرسکی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی خاتون نے کہا کہ میں کسی صورت کراچی کے نوجوان سے شادی کئے بغیر نہیں جاؤں گی،نوجوان سے محبت میں یہاں آئی ہوں،شادی کئے بغیر واپس نہیں جاؤں گی، امریکی خاتون ٹیکسی لے کر ایئرپورٹ سے نامعلوم مقام کے لیے روانہ ہوگئی۔

قبل ازیں کراچی ائرپورٹ حکام نے امریکی قونصلیٹ سے رابطہ کیاہےاور امریکی قونصل خانے کی ٹیم کراچی ائیرپورٹ پہنچ گئی۔امریکی قونصل خانے کی ٹیم نے ائیرپورٹ اور امیگریشن حکام سے ملاقات شروع کی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے خاتون کو امریکا کا ٹکٹ اور واپسی کے انتظامات کروائےگئےتھے،وزارت داخلہ نے امریکی خاتون کو مزید 15دن کا ویزہ جاری کیا تھا، امریکی خاتون کے ویزے کی مدت 11 فروری تک ہے، امریکی خاتون 15 اکتوبر 2024 کو کراچی آئی تھی۔دلبرداشتہ خاتون نے قطر ایئرلائن کی پرواز کیو آر 611 سے براستہ دوحہ نیویارک جانا تھا۔
اس سے قبل پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی آنے والی لڑکی نے ائرپورٹ پر ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے حکام پریشان ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی نوجوان کی محبت میں امریکا سے کراچی آنے والی خاتون نے واپس جانے سے انکار کردیا ہے، ائرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ محبت میں ناکامی پر مایوس خاتون نے کراچی ائرپورٹ پر ہنگامہ آرائی کی ہے۔
خاتون نے پہلے امیگریشن کرانے سے انکار کیا اور اس کے بعد ڈیپارچر لاؤنج میں جہاز میں سوار نہیں ہوئی۔ خاتون حیلے بہانوں سے کراچی ائیرپورٹ پر امریکا واپسی سے کتراتی رہی۔

حکام نے بتایا کہ پولیس اور ایئرپورٹ سکیورٹی نے خاتون کو حفاظتی تحویل میں ڈیپارچر لاؤنج تک پہنچایا۔ ایئرلائن ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز میں سوار کرانے کی تگ و دو کی وجہ سے پرواز 36 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔
حکام کے مطابق سکیورٹی ایس او پیز کی وجہ سے مسافر کو زبردستی پرواز میں سوار نہیں کرایا جا سکتا ۔

واضح رہے کہ اونیجا اینڈریو رابنس کو گارڈن کراچی کے 19 سالہ ندال میمن سے محبت ہوگئی تھی۔ سوشل میڈیا پر ہونے والی اس محبت میں مبتلا 2 بچوں کی ماں 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھی۔
امیگریشن ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ امریکی خاتون کو واپس بھجوانے کے لیے آج قطر ائر کی صبح 10 بجے کی پرواز میں ٹکٹ وزارت داخلہ کی طرف سے بک تھا لیکن امریکی خاتون مسافر نے واپس جانے سے انکار کردیا ہے، جس کے بعد پرواز ساڑھے 10 بجے روانہ ہوگئی۔
امریکی خاتون نوجوان کی محبت میں 11 اکتوبر 2024 کو کراچی آئی تھی۔ نوجوان کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ کا رہائشی ہے اور امریکی خاتون سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن خاندان نے انکار کردیا۔
بعد ازاں امریکی خاتون کو کراچی سے واپس امریکا بھیجنے کے لیے امریکی قونصل خانے سے پولیس نے رابطہ کیا لیکن معاملے پر امریکی قونصل خانے نے کوئی جواب نہیں دیا۔ امریکی خاتون کے معاملے پر وزارت داخلہ نے خاتون کے لیے ٹکٹ کا بندوبست کیا تھا۔