ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیرِ اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین سلطان احمد بن سلیم نے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ڈی پی ورلڈ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
صدرِ مملکت نے پاکستان میں ڈی پی ورلڈ کی شراکت داری، بندرگاہی آپریشنز اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات بہتر علاقائی روابط اور جدید لاجسٹکس انفراسٹرکچر کے ذریعے پاکستان کے ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔
ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین سلطان احمد بن سلیم نے کہا کہ سمندری تجارتی راستوں پر بڑھتے دباؤ کے تناظر میں پاکستان کی جغرافیائی حیثیت غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمندر اور خشکی کے ذریعے دنیا کے اہم خطوں کو جوڑنے والا ایک قدرتی تجارتی مرکز ہے۔

صدرِ مملکت نے اس موقع پر متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط قابلِ اعتماد اور مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ادارہ جاتی سہولت کاری اور تیز تر منظوریوں کی فراہمی کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ طویل المدتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔