ویب ڈیسک: بھاٹی دروازہ کے علاقے میں ماں بیٹی کے سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایل ڈی اے پراجیکٹ ڈائریکٹر زاہد عباس کو معطل کر دیا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے اس کی معطلی کے احکامات جاری کر دیے۔ محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر ٹیپا شبیر حسین کو بھی غفلت پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی فیصل کامران کے مطابق خاتون سعدیہ کی لاش سیوریج لائن سے آؤٹ فال روڈ پر برآمد ہوئی، جبکہ 10 ماہ کی بچی ردا کی تلاش جاری ہے۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو 24 گھنٹے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ فیملی کی درخواست پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔
فیصل کامران نے مزید بتایا کہ پانی کے زیادہ بہاؤ کی وجہ سے خاتون کی لاش دور بہہ گئی، اور بچی کی تلاش کے لیے تمام ادارے کام کر رہے ہیں۔