عمران خان کی آنکھ میں ہونے والا مبینہ انفیکشن دراصل کیا ہے؟

عمران خان کی آنکھ میں ہونے والا مبینہ انفیکشن دراصل کیا ہے؟
کیپشن: عمران خان کی آنکھ میں ہونے والا مبینہ انفیکشن دراصل کیا ہے؟

ویب ڈیسک: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے اڈیالہ جیل میں قید پارٹی کے بانی عمران خان کی آنکھ میں انفیکشن ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جس کے طبی معائنے کی تصدیق حکومتی سطح پر بھی کی جا چکی ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کی آنکھ سینٹرل ریٹینل وین اوکلژن (سی آر وی او) سے متاثر ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث ان کی بینائی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق رٹینا میں خون کی ترسیل کے لیے ایک مرکزی وین موجود ہوتی ہے، جو آنکھ کے پچھلے حصے کو خون فراہم کرتی ہے۔ جب یہ وین بند ہو جائے تو خون اور مائع رٹینا میں جمع ہونے لگتا ہے، جس سے سوجن پیدا ہوتی ہے اور مرکزی بینائی متاثر ہو سکتی ہے۔ اسی کیفیت کو سینٹرل ریٹینل وین اوکلژن کہا جاتا ہے۔ اگر بروقت خون کی گردش بحال نہ کی جائے تو آنکھ کے اعصابی خلیات کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور بینائی مزید کم ہو سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق سی آر وی او کی عام علامت آنکھ کے کسی حصے یا مکمل بینائی کا دھندلا جانا ہے، جو اچانک یا چند گھنٹوں اور دنوں میں شدت اختیار کر سکتا ہے۔ بعض کیسز میں بینائی اچانک مکمل طور پر بھی ختم ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق مریض آنکھ کے سامنے تیرتے ہوئے دھبے یا سیاہ لکیریں بھی محسوس کر سکتے ہیں، جو رٹینا کی خون کی نالیوں سے خارج ہونے والے ذرات کے سائے ہوتے ہیں، جبکہ شدید صورتِ حال میں آنکھ میں درد اور دباؤ کی کیفیت بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سی آر وی او کی بنیادی وجہ رٹینا کی مرکزی وین میں خون کا لوتھڑا بن جانا ہے۔ ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور شریانوں کی سختی جیسے امراض خون کے بہاؤ میں رکاوٹ کا سبب بن سکتے ہیں۔ یہ بیماری عموماً 50 سال سے زائد عمر کے افراد میں زیادہ دیکھی جاتی ہے، جبکہ گلوکوما اور شریانوں کی سختی بھی اس کے خطرے کو بڑھا سکتے ہیں۔

تشخیص کے لیے ماہر امراضِ چشم آنکھ کی پتلیوں کو پھیلا کر رٹینا کا معائنہ کرتے ہیں، جبکہ او سی ٹی اسکین کے ذریعے رٹینا میں سوجن کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ بعض صورتوں میں فلوریسین اینجیوگرافی یا او سی ٹی اینجیوگرافی کے ذریعے خون کی نالیوں کی حالت معلوم کی جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق سی آر وی او کے علاج کا بنیادی مقصد بینائی کو مستحکم رکھنا ہوتا ہے۔ اس ضمن میں اینٹی وی ای جی ایف یا اسٹیرائیڈ انجیکشنز کے ذریعے رٹینا کی سوجن کم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ شدید کیسز میں پین ریٹینل فوٹوکوگولیشن (پی آر پی) نامی لیزر سرجری کی جاتی ہے، جس کا مقصد غیر ضروری خون کی نالیوں کی افزائش اور آنکھ میں خون بہنے کے خطرے کو کم کرنا ہوتا ہے۔

Watch Live Public News