ویب ڈیسک: ڈپٹی کمشنر لاہور نے 6 تا 8 فروری کو ہونے والے پتنگ بازی فیسٹیول کا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ جس کے تحت ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کو حفاظتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔
ضابطہ اخلاق کا اطلاق لاہور بھر کے تمام مقامات بشمعول عمارتوں اور چھتوں پر ہوگا۔ پتنگ بازی ایکٹ اور سیفٹی رولز کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ ضلعی افسران اور پولیس کو چھتوں اور مقامات کے معائنے کا اختیار تفویض کردیا گیا ہے۔
شہریوں کے تحفظ کے لیے پتنگ بازی فیسٹیول کے لیے 12 نکاتی سخت ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے۔ جس کے تحت:
خطرناک ڈور اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔
شہریوں کی حفاظت کے لیے دھاتی، کیمیائی اور نائلون ڈور کا استعمال سختی سے منع ہے۔
لاہور میں موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب کو لازمی یقینی بنایا جائے۔
ہوائی فائرنگ اور عوامی سکون میں خلل ڈالنے والے ساؤنڈ سسٹم پر پابندی ہوگی۔
ایئرپورٹ اور حساس تنصیبات کے قریب پتنگ بازی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔
چھتوں کے مالکان حفاظتی انتظامات اور کسی بھی حادثے کے ذاتی ذمہ دار ہوں گے۔
پتنگ بازی کے لیے غیر محفوظ چھتوں کے استعمال پر سخت پابندی عائد ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ ثقافتی تہوار کو محفوظ بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔ خطرناک ڈور کی خرید و فروخت پر پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔ قانون شکن عناصر کے خلاف فوری ایف آئی آر اور سخت کارروائی ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے ان کی نگرانی یقینی بنائیں۔ فیسٹیول کے دوران شہر بھر میں مانیٹرنگ کا سخت نظام قائم رہے گا۔ پرامن اور محفوظ ماحول میں بسنت منانے کے لیے شہری تعاون کریں۔