ٹک ٹاک میں پہلی بار بڑی تبدیلی، ٹیکسٹ فیچر پیش کردیا

ٹک ٹاک میں پہلی بار بڑی تبدیلی، ٹیکسٹ فیچر پیش کردیا
ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے سات برس میں پہلی مرتبہ پلیٹ فارم کو تبدیل کرتے ہوئے اس میں ٹیکسٹ فیچر کو پیش کیا ہے۔ 2016 میں ٹک ٹاک کو متعارف کروایا گیا تھا اور اس نے پلیٹ فارم پر صرف مختصر ویڈیوز کو گانوں اور موسیقی کے ساتھ شیئر کرنے کی وجہ سے مقبولیت حاصل کی۔ ٹک ٹاک نے انسٹاگرام ، ٹوئٹر، فیس بک اور اسنیپ چیٹ سمیت تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو شارٹ ویڈیو فیچرز متعارف کرانے پر مجبور کیا لیکن اب خود ٹک ٹاک انسٹاگرام، فیس بک اور ٹوئٹر کی طرح ٹیکسٹ فیچر متعارف کرانے پر مجبور ہوگیا ہے۔ ٹک ٹاک نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ٹیکسٹ فیچر متعارف کروایا ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ پلیٹ فارم نے مذکورہ فیچر کو بھی متعدد نئے ٹولز کے ساتھ پیش کیا ہے۔ ٹک ٹاک نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ پلیٹ فارم کو تبدیل کرتے ہوئے اس میں ٹیکسٹ فیچرز کا اضافہ کردیا گیا، اب صارفین ٹیکسٹ پوسٹس بھی شیئر کر سکیں گے اور اگر وہ چاہیں تو پوسٹس میں تصویر، ویڈیوز یا پھر اسٹیکرز کا بھی استعمال کریں۔ پلیٹ فارم کے مطابق صارفین پوسٹس میں موسیقی کو بھی شامل کر سکیں گے اور انہیں یہ بھی سہولت ہوگی کہ وہ اپنی ہی پوسٹ کے فونٹ سائز کو بڑا کرنے سمیت ان کا رنگ بھی تبدیل کریں۔ نئے فیچر کے تحت صارفین ایک ہزار الفاظ پر مبنی پوسٹ کرنے کے اہل ہوں گے اور پوسٹ میں صارفین لوکیشن سمیت دیگر معلومات بھی شامل کر سکیں گے۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کیلئے صارفین کو کیمرا آپشن میں جانا ہوگا، جس کو کلک کرنے کے بعد صارفین کو3 آپشنز نظر آئیں گے، جس میں سے ایک تصویر، دوسرا ویڈیوز اور تیسرا پوسٹس کا آپشن ہوگا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔