پی ٹی آئی کا 31 جولائی کو اہم اجلاس، احتجاجی حکمت عملی زیر غور

پی ٹی آئی کا 31 جولائی کو اہم اجلاس، احتجاجی حکمت عملی زیر غور
کیپشن: پی ٹی آئی کا 31 جولائی کو اہم اجلاس، احتجاجی حکمت عملی زیر غور

ویب ڈیسک: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے آئندہ ممکنہ احتجاج کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے 31 جولائی کو پشاور میں اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ یہ اجلاس پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے بلایا گیا ہے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی، سیکریٹری جنرل اور دیگر سینیئر رہنما شریک ہوں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں احتجاج کی نوعیت، دائرہ کار اور طریقہ کار پر تفصیل سے غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ متوقع ہے کہ آیا احتجاج مرکز یعنی اسلام آباد کی طرف مارچ کی شکل میں ہو یا اسے صوبائی سطح پر منظم کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی زیر غور آئے گا کہ تحریک انصاف کے پاس احتجاج کے کون سے دیگر آپشنز موجود ہیں جن پر عمل درآمد ممکن ہو سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے کئی رہنماؤں نے دوبارہ اسلام آباد مارچ کی مخالفت کی ہے اور اس کی بجائے مرحلہ وار، علاقائی یا علامتی احتجاج کے حق میں رائے دی ہے۔ ان رہنماؤں کے مطابق اسلام آباد کی جانب مارچ کی صورت میں ممکنہ طور پر قانونی پیچیدگیاں اور سیکیورٹی رکاوٹیں دوبارہ سامنے آ سکتی ہیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی موجودہ حالات میں ایک مؤثر اور منظم احتجاجی لائحہ عمل ترتیب دینا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق 31 جولائی کو ہونے والے اجلاس میں تمام آپشنز پر غور کر کے فیصلے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل، سیاسی انتقامی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا جمہوری حق ہے، اور اس احتجاج کی نوعیت آئندہ چند روز میں سب کے سامنے آ جائے گی۔

اجلاس کے فیصلے آئندہ دنوں میں پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی کا اہم رخ متعین کر سکتے ہیں، جس پر سیاسی تجزیہ کار بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Watch Live Public News