ویب ڈیسک: کولمبیا یونیورسٹی کے بعد امریکا کی معروف تعلیمی درسگاہ ہارورڈ یونیورسٹی نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے دباؤ کے آگے سر تسلیم خم کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہارورڈ نے وائٹ ہاؤس کے ساتھ جاری تنازع ختم کرنے کے لیے 500 ملین ڈالر وقف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان مالی ادائیگی کے حوالے سے معاملات طے پا رہے ہیں، تاہم رقم کی شرائط و ضوابط پر حتمی مذاکرات ابھی جاری ہیں۔ اس پیشرفت کا مقصد وفاقی فنڈنگ کی بحالی اور ممکنہ قانونی کارروائی سے بچاؤ ہے۔
یاد رہے کہ اپریل میں امریکی محکمہ تعلیم نے ہارورڈ کو خبردار کیا تھا کہ اگر یونیورسٹی نے اپنی پالیسیوں میں تبدیلی نہ کی تو اس کی سوا دو ارب ڈالر کی وفاقی امداد روک دی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کا مؤقف تھا کہ ہارورڈ جیسی بڑی یونیورسٹیاں حکومتی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہیں اور انہیں جواب دہ ہونا ہوگا۔
اس سے قبل نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی نے بھی وفاقی حکومت کے ساتھ قانونی تنازع ختم کرنے کے لیے 200 ملین ڈالر کی ادائیگی پر معاہدہ کیا تھا۔ یہ معاہدہ تین سالہ مدت پر محیط ہوگا، جس دوران کولمبیا یونیورسٹی قسط وار رقم ادا کرے گی۔
کولمبیا یونیورسٹی پر الزام تھا کہ اس نے کیمپس میں یہودی طلباء کو ہراسانی سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے، جس پر ٹرمپ انتظامیہ نے اس کی 400 ملین ڈالر کی وفاقی امداد منسوخ کر دی تھی۔ اس اقدام کے بعد دیگر یونیورسٹیوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا تھا کہ وہ وفاقی فنڈنگ برقرار رکھنے کے لیے حکومت سے مالی معاہدے کریں۔
ہارورڈ کی جانب سے 500 ملین ڈالر وقف کرنے کا فیصلہ تعلیمی اداروں اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان جاری کشیدگی میں ایک اور اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس نوعیت کے اقدامات مستقبل میں امریکی جامعات کی خودمختاری اور حکومتی کنٹرول کے درمیان توازن پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔