بجلی صارفین کو قیمتوں میں بڑے ریلیف کی تیاری

بجلی صارفین کو قیمتوں میں بڑے ریلیف کی تیاری
کیپشن: بجلی صارفین کو قیمتوں میں بڑے ریلیف کی تیاری

ویب ڈیسک: ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو ریلیف دینے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) میں درخواست دائر کر دی ہے۔

نیپرا میں جمع کرائی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2023-24 کی آخری سہ ماہی کے دوران کیپیسٹی پیمنٹس میں کمی کے باعث صارفین کو مجموعی طور پر 53 ارب 71 کروڑ روپے کا فائدہ ہوا ہے۔

تاہم درخواست میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یوز آف سسٹم چارجز (Use of System Charges) کی مد میں 66 کروڑ 20 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، جبکہ آپریشنز اینڈ مینٹیننس کی مد میں کمپنیوں کو 18 کروڑ 20 لاکھ روپے کی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔

تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ ملک بھر کے بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 53 ارب 39 کروڑ روپے کا ریلیف دیا جا سکتا ہے۔

نیپرا نے ان درخواستوں پر عوامی سماعت کے لیے 4 اگست کی تاریخ مقرر کر دی ہے، جس کے بعد حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

نیپرا کا فیصلہ نہ صرف واپڈا کے زیر انتظام علاقوں بلکہ کراچی کے بجلی صارفین پر بھی لاگو ہوگا، جو کے-الیکٹرک سے بجلی حاصل کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر نیپرا نے درخواست کو منظور کر لیا تو صارفین کے بجلی بلوں میں خاطرخواہ کمی متوقع ہے، جو موجودہ مہنگائی کے دور میں ایک بڑا ریلیف ثابت ہو سکتی ہے۔

Watch Live Public News