ویب ڈیسک: مشہور پاکستانی وی لاگر رجب بٹ ایک بار پھر تنازعے کا شکار ہو گئے ہیں۔ اپنی منفرد فری اسٹائل ویڈیوز سے شہرت حاصل کرنے والے رجب بٹ اب زیادہ تر تنازعات اور جھگڑوں کی وجہ سے سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ان پر مختلف نوعیت کے مقدمات بھی درج ہو چکے ہیں، اور ان کی ازدواجی زندگی بھی خبروں میں رہتی ہے۔
رجب بٹ کی اہلیہ ایمان کے ساتھ ان کی شادی اور بعد ازاں آنے والے اتار چڑھاؤ سوشل میڈیا صارفین کے لیے ایک مستقل موضوع بنے ہوئے ہیں۔ اب ایک تازہ وی لاگ میں رجب بٹ نے نہ صرف اپنی نجی زندگی سے متعلق بات کی بلکہ اپنے دوستوں کی لیک ہونے والی ویڈیوز اور ایمان کے بھائی کے بیانات پر بھی شدید ردعمل دیا۔
ویڈیو پیغام میں رجب بٹ نے الزام عائد کیا کہ ان کے " کم ظرف دشمنوں" نے سازش کے تحت ان کے دوستوں کی کچھ پرائیویٹ ویڈیوز لیک کی ہیں، جن میں سے بعض ویڈیوز مبینہ طور پر مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ابتدا میں اس معاملے پر خاموش رہنا چاہتے تھے، مگر فینز کے اصرار پر انہوں نے وضاحت دینا ضروری سمجھا۔
رجب بٹ نے انکشاف کیا کہ اس وقت ان کی بیوی ایمان میکے میں ہیں، اور دونوں کے درمیان کچھ مسائل چل رہے ہیں جنہیں وہ خود حل کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے اس معاملے پر ایمان کے بھائی کی جانب سے دیے گئے لائیو سیشن بیان پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
رجب نے کہا،"آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ایمان کو سوشل میڈیا پر آنے کی اجازت نہیں؟ میں نے ایمان پر کبھی کوئی پابندی نہیں لگائی۔ اسے شام پانچ بجے تک سونے کی بھی آزادی ہے، اور کبھی کسی نے سوال نہیں کیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ایمان کو اسپتال لے جانے کے بارے میں تو دنیا کو بتایا گیا، مگر یہ ذکر نہیں کیا کہ اس کے تمام اخراجات انہوں نے خود اٹھائے۔
رجب بٹ نے ایمان کے بھائی کو مخاطب کرتے ہوئے متنبہ کیا:"ایمان کو ویوز کے لیے استعمال نہ کریں۔ آپ بھی اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے ہیں، ذرا سوچ سمجھ کر بات کریں۔"
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب رجب بٹ اپنی ذاتی زندگی اور بیانات کے باعث تنقید کی زد میں آئے ہوں، مگر اس بار ان کا موقف مزید کھل کر سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی اس معاملے پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، کچھ لوگ رجب بٹ کے دفاع میں سامنے آئے ہیں جبکہ دیگر ان کے طرزِ عمل کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے رہے ہیں۔