ویب ڈیسک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 2 ڈالر سے زائد فی بیرل اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بڑی وجہ امریکا میں خام تیل کے ذخائر میں کمی بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کے فیوچر معاہدوں کی قیمت 2.71 ڈالر (3.2 فیصد) اضافے کے بعد 86.80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 2.26 ڈالر (3.4 فیصد) مہنگا ہو کر 81.95 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں عارضی کمی کے باعث تیل کی قیمتیں ایک ہفتے سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر آ گئی تھیں، تاہم امریکی ذخائر میں کمی کے بعد قیمتوں نے دوبارہ تیزی پکڑ لی۔
توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، امریکا اور ایران کے تعلقات، عالمی طلب، اوپیک پلس کی پیداوار اور جغرافیائی سیاسی حالات آئندہ ہفتوں میں خام تیل کی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کے مطابق خطے میں کسی بھی نئی پیش رفت کی صورت میں عالمی منڈی میں قیمتوں کا رخ ایک بار پھر تبدیل ہو سکتا ہے۔