ویب ڈیسک: ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، کیونکہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں فی یونٹ ایک روپے 20 پیسے اضافے کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) آج سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے جون 2026 کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت کرے گی۔
سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق جون میں ہائیڈل ذرائع سے 39 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.11 فیصد، درآمدی کوئلے سے 12.65 فیصد، درآمدی گیس سے 11.02 فیصد جبکہ نیوکلیئر ذرائع سے 13.40 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
نیپرا سماعت کے بعد درخواست پر فیصلہ کرے گی۔ منظوری کی صورت میں فی یونٹ ایک روپے 20 پیسے کا اضافی چارج اگست کے بجلی بلوں میں وصول کیا جائے گا، جس کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت متعلقہ صارفین پر بھی متوقع ہے۔