ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تازہ انتخابی فہرستوں کے مطابق ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 5 لاکھ 89 ہزار 458 کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 7 مئی سے 2 جولائی 2026 کے دوران نادرا سے موصول ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر انتخابی فہرستیں اپ ڈیٹ کی گئیں۔ اس عرصے میں 14 لاکھ 84 ہزار 382 ایسے ووٹرز کو فہرستوں سے خارج کیا گیا جن کی وفات نادرا کے ریکارڈ میں درج ہو چکی تھی، جبکہ 8 لاکھ 94 ہزار 924 نئے اہل ووٹرز کا اندراج کیا گیا۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد تقریباً 13 کروڑ 71 لاکھ سے کم ہو کر 13 کروڑ 65 لاکھ 74 ہزار 399 رہ گئی ہے۔ مرد ووٹرز کی تعداد میں 4 لاکھ 50 ہزار جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد میں ایک لاکھ 38 ہزار کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
صوبہ وار اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ کمی پنجاب میں دیکھی گئی، جہاں 4 لاکھ 78 ہزار 909 ووٹرز کم ہوئے، جبکہ سندھ میں 97 ہزار 216 ووٹرز کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی فہرستیں الیکشن ایکٹ کے سیکشن 25 کے تحت نادرا کے ڈیٹا کی بنیاد پر مسلسل اپ ڈیٹ کی جاتی ہیں۔ ہر ووٹر کا اندراج قومی شناختی کارڈ سے منسلک ہونے کے باعث انتخابی فہرستوں میں ڈپلیکیٹ اندراج کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی فہرستوں کی باقاعدہ نظرثانی کا مقصد اہل ووٹرز کا درست اور شفاف ریکارڈ برقرار رکھنا اور انتخابی عمل کی شفافیت کو مزید مؤثر بنانا ہے۔