(ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کویت کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جے المطیری بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و کویت کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت، تعمیری کردار اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کویت کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔