ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی کا باضابطہ تعین کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزارتِ قانون و انصاف کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر کو عدالتِ عالیہ کا سینئر ترین جج قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس خادم سومرو اور جسٹس محمد آصف کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں مستقل ججز مقرر کر دیا گیا ہے۔
سنیارٹی کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی دوسرے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب تیسرے، جسٹس طارق محمود جہانگیری چوتھے، اور جسٹس بابر ستار پانچویں نمبر پر ہیں۔
فہرست میں جسٹس سردار اعجاز اسحاق چھٹے، جسٹس ارباب طاہر ساتویں، جسٹس ثمن رفعت آٹھویں، جسٹس خادم سومرو نویں، جسٹس اعظم خان دسویں، جسٹس محمد آصف گیارہویں اور جسٹس انعام امین منہاس بارہویں نمبر پر ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صدرِ مملکت کی جانب سے سنیارٹی کی یہ منظوری سپریم کورٹ کے 19 جون 2025 کے فیصلے کی روشنی میں دی گئی ہے۔