ویب ڈیسک: بھارتی پنجابی فلموں کے اداکار دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم ’’ سردار جی 3‘‘ پاکستان میں ریلیز، 6 سال بعد کسی بھارتی اداکار کی فلم پاکستانی سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی یہ پہلی فلم ہے جبکہ ریلیز کے پہلے ہی دن 4.5 کروڑ روپے کا تاریخی بزنس کر ڈالا۔
معروف بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں، اس بار سرحد پار، کیونکہ وہ گزشتہ چھ سالوں میں پہلے بھارتی اداکار بن گئے ہیں جن کی فلم پاکستان میں ریلیز کی گئی ہے۔ ان کی نئی پنجابی فلم " سردار جی 3" کا پریمیئر 27 جون 2025 کو پاکستان میں کیا گیا۔
یہ ایک اہم پیش رفت ہے، کیونکہ 2019 کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث بھارتی فلموں کی پاکستانی سینما گھروں میں نمائش معطل رہی ہے۔ دلجیت کی فلم کی ریلیز کو شائقینِ سینما نے خوش آئند قرار دیا ہے۔
دلجیت دوسانج نہ صرف بھارت بلکہ عالمی سطح پر پنجابی موسیقی اور فلم انڈسٹری کا ایک بڑا نام بن چکے ہیں، اور ان کی فلموں کو پاکستان میں بھی بڑی تعداد میں پسند کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب ’ سردار جی 3‘ نے پاکستانی سینما گھروں میں دھماکا خیز آغاز کرتے ہوئے ریلیز کے پہلے ہی دن 4.5 کروڑ روپے کا تاریخی بزنس کر ڈالا۔
دلجیت دوسانجھ اور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر پر مشتمل اس فلم نے نہ صرف بھارتی بلکہ مقامی پنجابی فلموں کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، یہ دلچسپ امر ہے کہ جہاں پاکستان میں فلم کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے، وہیں بھارت میں یہ کاسٹ کے حوالے سے تنازعات کا شکار ہے، فلم نے سلمان خان کی ’’سلطان‘‘ جیسی سپر ہٹ فلم کا پہلے دن کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
ہانیہ عامر نے فلم کی کامیابی پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا، ’’آپ سب کی محبت نے ’’ سردار جی 3‘‘ کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچایا، میں اپنے تمام پاکستانی مداحوں کی شکر گزار ہوں‘‘ ہانیہ کی بھارتی پنجابی سینما میں یہ پہلی انٹری ناقدین کی تعریفوں کی مستحق ٹھہری ہے۔