بین اسٹوکس نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

بین اسٹوکس نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
کیپشن: بین اسٹوکس نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک: انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے 15 سالہ شاندار بین الاقوامی کیریئر کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری مقابلہ ہوگا۔ بین اسٹوکس نے کھیل کے آغاز سے قبل اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بھی اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔

اس سے قبل ٹرینٹ برج میں تیسرے ٹیسٹ سے پہلے پریس کانفرنس کے دوران بین اسٹوکس نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا تھا کہ یہ ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ ثابت ہو سکتا ہے۔

بین اسٹوکس نے 2011 میں انگلینڈ کی جانب سے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا، جبکہ دسمبر 2013 میں ایڈیلیڈ میں ایشز سیریز کے دوران ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ اپریل 2022 میں انہیں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی، اور ان کی کپتانی کا چار سالہ دور بھی اب اختتام کو پہنچ رہا ہے۔

اپنے بین الاقوامی کیریئر میں بین اسٹوکس نے 121 ٹیسٹ میچوں میں 7,228 رنز اسکور کیے اور 246 وکٹیں حاصل کیں۔ 114 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں انہوں نے 3,463 رنز بنائے اور 74 وکٹیں اپنے نام کیں، جبکہ 43 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 585 رنز اسکور کرنے کے ساتھ 26 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

Watch Live Public News