ویب ڈیسک: کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، کیونکہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا دی ہے۔
نیپرا اتھارٹی مئی 2026 کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست پر کل سماعت کرے گی، جس کے بعد اعداد و شمار کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی صارفین پر تقریباً 12 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق مئی کے دوران 12 ارب 63 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ فی یونٹ اوسط فیول لاگت 9 روپے 25 پیسے رہی۔ اس کے مقابلے میں مئی کے لیے فیول لاگت کا تخمینہ 8 روپے 43 پیسے فی یونٹ لگایا گیا تھا۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ مئی کے دوران مجموعی بجلی کی پیداوار میں پانی کا حصہ 33.27 فیصد، مقامی کوئلے کا 11.66 فیصد، درآمدی کوئلے کا 13.54 فیصد، فرنس آئل کا 0.16 فیصد اور مقامی گیس کا حصہ 8.31 فیصد رہا۔
نیپرا سماعت کے بعد سی پی پی اے کی جانب سے پیش کیے گئے اعداد و شمار اور دلائل کا جائزہ لے کر بجلی کی قیمت میں اضافے یا ردوبدل سے متعلق حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔