(ویب ڈیسک ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے جہیز سے متعلق کیس میں اہم فیصلہ جاری کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس شکیل احمد نے تحریر کیا۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ شوہر، ساس،سسر یا دیگر سسرال کو دلہن کے زیورات پر کوئی قانونی یا ملکیتی حق حاصل نہیں، دلہن کو دیا گیا سونا اور برائیڈل گفٹس صرف دلہن کی ملکیت ہیں، دلہن کے زیورات یا تحائف روکنا اس کے ملکیتی حقوق سے غیرقانونی محرومی ہے۔
فیصلے کے مطابق شوہر یا سسرال دلہن کے زیورات پر قبضہ یا ان کا ناجائز استعمال نہیں کر سکتے،تحفے کی ملکیت کا تعین اس نیت سے ہوگا جس مقصد کیلئے وہ تحفہ دیا گیا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بیوی اپنے زیورات، جہیز اور ذاتی سامان کی واپسی کیلئے فیملی کورٹ سے رجوع کر سکتی ہے، فیملی کورٹ کو زیورات، جہیز اور ذاتی سامان کی واپسی کے مقدمات سننے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔
سپریم کورٹ نے سابق شوہر غلام حبیب کی شازیہ بی بی کیخلاف اپیل مسترد کردی۔ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔