'ن لیگ وقت پر فیصلہ کرلیتی تو ق لیگ ہمارے ساتھ ہوتی'

'ن لیگ وقت پر فیصلہ کرلیتی تو ق لیگ ہمارے ساتھ ہوتی'
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن وقت اگر وقت پر فیصلہ کر لیتی تو ق لیگ آج حکومت نہیں بلکہ ہمارے ساتھ ہوتی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف زرداری نے یہ بات مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ملک میں جاری سیاسی صورتحال کے بارے میں لیگی قائد کو آگاہ کیا اور ان کے فیصلے میں تاخیر کے معاملے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے وقت پر فیصلہ نہیں کیا جس کی وجہ سے معاملہ خراب ہوا۔ ن لیگ وقت پر فیصلہ کر لیتی تو مسلم لیگ ق آج ہمارے ساتھ ہوتی۔ واضح کریں کہ آپ کی پارٹی وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر سنجیدہ ہے بھی یا نہیں؟ خیال رہے کہ گذشتہ روز تحریک عدم اعتماد کی گونج کے دوران اہم سیاسی پیشرفت سامنے آئی ہے جس سے حکومت نے کچھ سکون کا سانس لیا ہے۔ ہوا یوں کہ وزیراعظم عمران خان نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ان کے عہدے سے ہٹا کر چودھری پرویز الٰہی کو یہ اہم ذمہ داری سنبھالنے کی پیشکش کی جسے انہوں نے بخوشی قبول کر لیا۔ چودھری مونس الٰہی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ دوران ملاقات ہی وزیراعظم نے سردار عثمان بزدارکو ہدایت کی کہ آپ اپنا استعفیٰ پیش کریں۔ اس کے بعد چودھری پرویز الٰہی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اس سیاسی پیشرفت سے اپوزیشن اتحاد میں کھلبلی میچ گئی تھی لیکن بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے ان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تو حزب اختلاف کی قیادت کو کچھ ریلیف ملا۔ سیاسی تجزیہ کار وزارت اعلیٰ کے عہدے کو چودھری پرویز الٰہی کیلئے ایک مشکل ٹاسک قرار دے رہے ہیں کیونکہ ناصرف پی ٹی آئی کے ناراض اور منحرف اراکین کو منانا ہے بلکہ انھیں باقی ماندہ مدت اقتدار میں بھی ساتھ لے کر چلنا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔