دشمن کی امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش اتحاد کی قوت سے ناکام بنائیں گے،محسن نقوی

پبلک نیوز: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران ایک بیان میں کہا ہے کہ دشمن امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کررہا ہے۔ اتحاد کی قوت سے اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری  ( ایف سی) ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیرمقدم کیا اور ایف سی کے افسران سے تعارف کرایا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وفاقی وزیرداخلہ نے شہدائے وطن کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں نے  قیام امن کےلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف سی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی کو مزید مؤثر فورس بنایا جائے گا۔ ایف سی ہیڈ کوارٹر جلد دوبارہ آؤں گا۔ دشمن امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ اتحاد کی قوت سے اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔ 

محسن نقوی نے مزید کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو وطن عزیز میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ قائد اعظم کے پاکستان میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ امن کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈ کوارٹر کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ کمانڈنٹ ایف سی نے ادارے کی کارکردگی اور دیگر امور کے بارے آگاہ کیا۔

Watch Live Public News