محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی
کیپشن: محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شمالی علاقوں میں فلیش فلڈ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ 

محکمہ کے مطابق 29 مارچ کی شام اور رات کے دوران شمالی بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیرآباد اور لورالائی شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کے خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح بالائی اور وسطی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جو اتوار کی شام سے پیر تک برقرار رہ سکتا ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مختلف مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری اور تیز ہوائیں کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

پنجاب، خصوصاً لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کے باعث موسم خوشگوار رہا اور آج بھی شہر میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ اور عمرکوٹ میں دن بھر تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش اور گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور پہاڑی و شمالی علاقوں میں رہنے والے فلیش فلڈ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ رہیں۔

Watch Live Public News