6 سال بعد پی آئی اے کا لندن کا فضائی آپریشن بحال

6 سال بعد پی آئی اے کا لندن کا فضائی آپریشن بحال

(ویب ڈیسک ) 6 سال بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز( پی آئی اے) کا لندن کا فضائی آپریشن بحال ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق​ پی آئی اے کی پرواز کو سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے الوداع کیا۔

افتتاحی پرواز کی تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا اور قرعہ اندازی کے ذریعے ایک 660 سی سی گاڑی بھی ایک خوش نصیب مسافر کے نام نکالی گئی  جبکہ دیگر مسافروں کو بھی تحائف پیش کئے گئے۔

اسلام آباد اایئر پورٹ پر پرواز کی روانگی سے قبل ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پی آئی اے کنسورشیئم کے چیئرمین عارف حبیب اور ہوابازی کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریڑی ڈیفنس نے کہا کہ یہ پرواز دونوں ملکوں اور لوگوں کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پی آئی اے کو لندن آپریشن پر مبارک باد دی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو براہ راست سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔تقریب کے ​مہمانان گرامی کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے 30 مارچ سے لاہور سے لندن کے لیے بھی ہفتہ وار پرواز کا آغاز کر رہی ہے۔ پی آئی اے پاکستان اور لندن کے مابین ابتدائی طور پر 4 ہفتہ وار پروازیں چلائے گی جس میں 3 اسلام آباد کیلئے اور 1 لاہور کیلئے آپریٹ ہوں گی۔

ترجمان پی آئی اے  کے مطابق لندن پی آئی اے کی پہلی بین اقوامی منزل تھی اور پی آئی اے کا اس روٹ سے 71 سال پرانا رشتہ ہے۔

Watch Live Public News