(ویب ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ نے ٹریبونلز کی تشکیل سے متعلق سلمان اکرم راجہ کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا.جسٹس شاہد کریم کا فیصلہ 26 صفحات پر مشتمل ہے ۔ سلمان اکرم راجہ کی جانب سے بیرسٹر سمیر کھوسہ نے دلائل دئیے ۔
لاہور ہا ئیکورٹ نے ٹربیونل کو کیسز مارک کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے اختیار کا نوٹیفکیشن بھی کلعدم قرار دے دیا ۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں الیکشن کمیشن 6 ججز کا بطور الیکشن ٹریبونل تقرر کرے، الیکشن کمیشن کا 26 اپریل کا نوٹیفکیشن غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز سے مترادف ہے۔
فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے نامزد کردہ ججز کو بطور ٹریبونل تعینات کرنے کا پابند ہے،اگر چیف جسٹس کسی جج کے نام کو واپس لے لیتے ہیں تو الیکشن کمیشن اس جج کو تقرر مت کرے، اگر الیکشن کمیشن عدالتی حکم کے باوجود الیکشن ٹربیونل کا تقرر نہ کرے تو لاہور ہائیکورٹ آفس اس معاملے کو چیف جسٹس کے سامنے پیش کرے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ٹریبونل کے معاملے میں، ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو الیکشن کمیشن سے برتری حاصل ہے۔