ویب ڈیسک: بھارت میں پری مون سون سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی شدید بارشوں کے نتیجے میں پانی سے پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں نے سر اٹھا لیا ہے، جن میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
اس وبا کا شکار ہونے والوں میں معروف بالی وڈ اداکار عمران ہاشمی بھی شامل ہیں، جن میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران ہاشمی نے اپنی آنے والی فلم ’او جی‘ کی شوٹنگ سے فی الحال عارضی وقفہ لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، جب عمران ممبئی کی آرے کالونی کے گڑگاؤں علاقے میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، تبھی ان کی طبیعت ناساز ہو گئی۔ ڈینگی جیسی علامات ظاہر ہونے پر ڈاکٹروں نے ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا، جس میں وائرس کی تصدیق ہو گئی۔
ڈاکٹروں نے اداکار کو مکمل آرام کی ہدایت کی ہے۔ عمران ہاشمی نے فلم سازوں کو فوراً اپنی طبی صورتحال سے آگاہ کیا اور شوٹنگ میں تعطل پر معذرت کی، جس پر پروڈکشن ٹیم نے ان کی صحت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کے مطابق، عمران ہاشمی اس وقت گھر پر آرام کر رہے ہیں اور تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔ ممکنہ طور پر وہ ایک ہفتے بعد دوبارہ شوٹنگ کا آغاز کریں گے۔
فلم ’او جی‘، جس میں پون کلیان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، عمران ہاشمی کی پہلی تیلگو فلم ہوگی۔ پریانکا موہن اس فلم کی ہیروئن ہوں گی۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ 25 ستمبر مقرر کی گئی ہے اور ٹیم کو اُمید ہے کہ عمران کی صحت بحال ہوتے ہی شوٹنگ کا سلسلہ جلد بحال ہو جائے گا۔
ڈینگی بخار:
ڈینگی بخار ایک خطرناک وائرس ہے جو مچھر کے ذریعے پھیلتا ہے، خاص طور پر صاف پانی میں افزائش پانے والے مچھروں سے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق، ہر سال تقریباً 40 کروڑ افراد ڈینگی انفیکشن کا شکار ہوتے ہیں، جن میں سے 96 ملین یعنی 9 کروڑ 60 لاکھ افراد شدید بیمار ہو جاتے ہیں۔