ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں آٹے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے روٹی کے نرخ فوری کم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے پرائس کنٹرول اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ روٹی کے نئے نرخ آٹے کی تازہ قیمتوں کے مطابق مقرر کیے جائیں، تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ صرف آٹے ہی نہیں بلکہ چکن، دالوں اور سبزیوں کی قیمتوں کی بھی سخت نگرانی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ"غریب کا بچہ ہفتے میں ایک دن سستا چکن کھا لیتا تھا، لیکن اگر چکن مہنگا ہو گیا تو وہ یہ دن بھی کھو دے گا، اور مجھے یہ کسی صورت قبول نہیں!"
انہوں نے زور دیا کہ آٹے کے نرخ میں جو کمی کی گئی ہے، اس کا اثر براہ راست روٹی کی قیمت پر آنا چاہیے تاکہ عوام کو فوری ریلیف ملے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں روٹی کی قیمت تاریخ کی کم ترین سطح پر لائی جائے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کو فوری ایکشن لینے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ ریلیف اسکیم پر جلد عمل درآمد ممکن ہو سکے۔