ویب ڈیسک: ہماچل پردیش میں فوجی بس پر حملہ اور ہلاکتوں سے متعلق مودی سرکار نے حقائق چھپا دئیے۔
ذرائع کے مطابق ہماچل پردیش میں فوجی بس پر حملہ 26 مئی کو ہوا، تاہم بھارتی فوج نے ہلاکتوں کو چھپانے کا پرانا حربہ ایک بار پھر استعمال کیا۔ذرائع نے بتایا کہ کمار ہٹی ریلوے اسٹیشن کے قریب حملے میں کئی بھارتی فوجی مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حسب روایت مودی سرکار نے گودی میڈیا کو فوجی ہلاکتوں کی خبر نشر کرنے سے روک دیا۔ ’’ٹائمز آف انڈیا ’‘ نے مودی کے حکم پر ویب سائٹ پر شائع ہونے والی خبر بھی ہٹا دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ خبر صرف ایک بھارتی چینل پر نشر ہوئی جو کچھ دیر بعد ہٹا دی گئی۔ بھارتی فوج کے جوان بطور ہتھیار استعمال ہورہے ہیں، مرنے کے بعد نام تک نہیں لیا جاتا۔ہماچل واقعہ پر مودی سرکار کی خاموشی سے ثابت ہوتا ہے کہ مودی سرکار حقائق چھپانے کی ماہر ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن سندور کے دوران گودی میڈیا نے کراچی بندر گاہ کی تباہی کی جھوٹی خبریں بھی چلا دی تھیں۔ فیکٹ چیک کے بعد جب اس خبر کی تردید کی گئی تو تمام گودی میڈیا چینلز سے اس خبر کو ہٹا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارتی فوج نے اپنے ہی میزائل کو دشمن کا کہہ کرایکس اکاؤنٹ پر شیئر کردیا، جھوٹ پکڑے جانے پر بھارتی فوج نے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے اس وڈیو کو بھی ڈیلیٹ کر دیا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق این ڈی ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ پاکستانی ٹینک راجستھان کی طرف بڑھ رہے ہیں بعد میں اس خبر کو ہٹا دیا گیا۔
الجزیرہ کے مطابق بھارتی میڈیا بالخصوص ٹائمز ناؤ، ریپبلک ورلڈ، نیوز نائن اور انڈیا ٹی وی نیوز نے جھوٹی رپورٹنگ کی، ان چینلز نے ایک پاکستانی پائلٹ کو گرفتار کرنے کی خبر چلائی جو جھوٹ نکلی۔
الجزیرہ نے انکشاف کیا کہ انڈیا ٹو ڈے اور دکن کرانیکلز نے جے ایف 17 اور ایف 16 مار گرائے جانے کی جھوٹی خبریں چلائیں، متعدد بھارتی نیوز چینلز نے جھوٹی خبریں شائع کرنے پر معافی بھی مانگی۔
دفاعی ماہرین کے مطابق مودی سرکار، بھارتی میڈیا کو محض اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتی ہے، میڈیا پر کنٹرول اور سچ کا گلا دبانا بھارتی دفاعی پالیسی کی ناکامی کا اعتراف ہے۔