پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک:پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق نے پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

  اعصام الحق نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اے ٹی پی سرکٹ میں کھیل کا شرف حاصل کیا۔ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں کھیلے گئے چیلنجرز کپ کے ڈبلز مقابلوں کے سنسنی خیز فائنل میں پاکستانی جوڑی اعصام الحق اور مزمل مرتضیٰ کو سخت مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اعصام الحق اپنے آخری انٹرنیشنل ایونٹ کا فائنل نہ جیت سکے۔

تاریخ میں پہلی بار اے ٹی پی چیلنجر کپ کا پاکستان میں انعقاد ہوا، اور مینز ڈبلز میں پاکستانی جوڑی نے رسائی حاصل کی۔ ایونٹ کے ڈبلز فائنل میں چیک ریپبلک کے ڈومینک پلان اور قازقستان کے ڈینس ایوسیو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل 6-7 اور 4-6 سے اپنے نام کیا۔

ڈبلز ایونٹ کے اختتام کے ساتھ ہی پاکستان کے مایہ ناز ٹینس اسٹار اعصام الحق انٹرنیشنل ٹینس سرکٹ سے ریٹائرڈ ہو گئے، جس پر شائقینِ ٹینس نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان پہلی مرتبہ اے ٹی پی چیلنجرز کپ کی میزبانی کر رہا ہے، جسے ملکی ٹینس کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اے ٹی پی چیلنجرز کپ کے سنگلز مقابلوں کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔

اپنے آخری ٹورنامنٹ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ پاکستان کا نام روشن کرنے پر بہت خوشی ہے اور سب کی سپورٹ پر وہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والا ڈیوس کپ ان کے لیے یادگار رہے گا اور ان کی سب سے بڑی کامیابی یو ایس اوپن فائنل میں راجر فیڈرر کو شکست دینا تھی۔

Watch Live Public News