روس نے یورپ کو گیس فراہم کرنے والی نارڈ اسٹریم پائپ لائن میں دھماکوں کا الزام برطانیہ پر عائد کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزارت دفاع نے نارڈاسٹریم پائپ لائن دھماکوں میں برطانیہ کے ملوث ہونےکا الزام لگاتے ہوئے اسے ’دہشت گردی‘ قرار دے دیا ہے۔ روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ نارڈاسٹریم گیس پائپ لائن دھماکوں میں برطانوی بحریہ کے ماہرین ملوث ہیں۔ برطانوی رائل نیوی نے حملےکی منصوبہ بندی، سپورٹ اور عملدرآمد میں حصہ لیا۔ برطانیہ کی جانب سے دھماکوں میں برطانوی بحریہ کے ملوث ہونے کا روسی الزام مسترد کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے برطانوی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ دھماکوں میں برطانوی بحری اہلکاروں کے ملوث ہونے کا روسی الزام غلط ہے، یوکرین پر غیرقانونی حملے سے توجہ ہٹانے کیلئے روس ایسے غلط دعوے کررہا ہے۔ واضح رہے کہ بحیرہ بالٹک میں روس سے یورپ کو گیس سپلائی کرنے والی نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائنوں میں 26 ستمبرکو دھماکے ہوئے تھے۔