ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کے یادگار فائنل میں بھارتی بیٹر تلک ورما نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن جیت دلائی اور پلیئر آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ دبئی میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج مقابلے میں ورما نے نہ صرف دباؤ کا بھرپور مقابلہ کیا بلکہ کریز پر جم کر ایسی اننگز کھیلی جو بھارتی کرکٹ کے شائقین کے لیے دیر تک یادگار رہے گی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے تلک ورما نے اپنی جیت کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ فائنل کا دباؤ ضرور تھا لیکن ان کی اولین کوشش یہی تھی کہ کریز پر ڈٹے رہیں اور میچ کو ٹیم کے حق میں فنش کریں۔ انہوں نے بتایا کہ مخالف باؤلرز مسلسل اپنی رفتار اور لائن بدل رہے تھے، اس لیے ان کا فوکس پرسکون رہنے اور آخری گیند تک جم کر کھیلنے پر تھا۔
ورما نے اپنی اننگز میں ساتھی کھلاڑیوں کی شاندار معاونت کا بھی اعتراف کیا۔ ان کے مطابق، سنجو سیمسن کی ذمہ دارانہ اننگز اور دُبے کی عمدہ بیٹنگ نے ان کا اعتماد بڑھایا اور انہیں کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ جیت صرف ٹیم کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ہے۔‘‘
اپنی تیاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے ورما نے بتایا کہ بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے تمام کھلاڑیوں کو ہر بیٹنگ پوزیشن کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ ’’میں نے اسی لیے خود کو کسی بھی نمبر پر کھیلنے کے لیے تیار رکھا۔ سلو وکٹوں پر سوئپ شاٹس اور اسٹرائیک روٹیٹ کرنے کی خاص پریکٹس کر رہا تھا تاکہ مشکل حالات میں ٹیم کو سہارا دے سکوں۔‘‘
تلک ورما نے اس اننگز کو اپنے کیریئر کی بہترین اننگز میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ ایسی کامیابیاں محنت اور اعتماد کا ثمر ہیں۔ ان کی پُر اعتماد بیٹنگ نے نہ صرف بھارتی ٹیم کو ایشیا کپ کی ٹرافی دلائی بلکہ شائقین کے دل بھی جیت لیے۔