ویب ڈیسک: عوام کیلئے بُری خبر، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم اکتوبر کو اضافے کا امکان ہے۔ آئل انڈسٹری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اپنی ورکنگ مکمل کر لی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ 97 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 48 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپیہ 76 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔
اوگرا قیمتوں سے متعلق ورکنگ پیٹرولیم ڈویژن کے ذریعے وزارتِ خزانہ کو ارسال کرے گی۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں سے متعلق وزارت خزانہ کل حتمی اعلان کرے گی۔
یاد رہے کہ 15 روز قبل حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی تھی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 78 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔