ویب ڈیسک: پاک بحریہ نے ماحولیاتی تحفظ کی اپنی روایتی کاوشوں کو جاری رکھتے ہوئے بن قاسم اور گھارو میں مینگروو شجرکاری مہم 2025 کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں کمانڈر کوسٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔
یہ مہم محکمہ جنگلات سندھ و بلوچستان اور انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (IUCN) کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ مینگرووز نہ صرف موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ ساحلی علاقوں کی حفاظت، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور مقامی معاشیات میں استحکام کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔
انہوں نے اس مہم کو ماحولیاتی آگاہی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے محکمہ جنگلات اور IUCN کے تعاون کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
اعداد و شمار کے مطابق، اب تک شاہ بندر سے لے کر جیوانی تک کے ساحلی علاقوں میں 87 لاکھ سے زائد مینگروو کے پودے لگائے جا چکے ہیں۔ ان مہمات کے ذریعے مقامی آبادیوں کے لیے روزگار کے مواقع میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
مینگروو شجرکاری مہم، پاک بحریہ کے ماحولیاتی تحفظ پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد سمندری حیاتیاتی نظام کا تحفظ، پائیدار ترقی اور مستقبل کی نسلوں کے لیے ایک محفوظ ماحول کی فراہمی ہے۔