ویب ڈیسک: کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ ایک عام سی جمائی کسی کی زندگی کو خطرے میں ڈال سکتی ہے؟ برطانیہ میں ایسا ہی ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا جہاں زوردار جمائی لینے کے نتیجے میں 36 سالہ خاتون کی گردن کی ہڈی اپنی جگہ سے سرک گئی اور ان کی زندگی داؤ پر لگ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی بلیک نامی خاتون صبح سویرے اپنی بیٹی کو دودھ کی بوتل دینے کے لیے بیدار ہوئیں۔ ہیلی نے اپنی ننھی بچی کو جھولے میں جمائی لیتے دیکھا تو وہ خود بھی اپنی جمائی نہ روک سکیں۔ اسی دوران انہیں اپنے جسم میں اچانک بجلی کے جھٹکے جیسا احساس ہوا اور ان کا ایک بازو ہوا میں معلق رہ گیا۔ شدید گڑبڑ محسوس ہونے پر انہوں نے اشارے سے شوہر کو ایمبولینس بلانے کا کہا۔
اسپتال پہنچنے کے بعد ڈاکٹروں کے لیے بھی معاملہ ابتدا میں پریشان کن تھا کیونکہ فوری طور پر درد کی اصل وجہ سامنے نہیں آ رہی تھی۔ تاہم اسکین کرنے پر انکشاف ہوا کہ زوردار جمائی کے دوران ہیلی کی گردن کی C6 اور C7 ہڈیاں ریڑھ کی ہڈی سے آگے کی طرف سرک گئی ہیں۔ یہ اتنی خطرناک پوزیشن تھی کہ ڈاکٹرز نے ہیلی کے زندہ بچنے کے امکانات صرف 50 فیصد بتائے۔
ہیلی کی فوری سرجری کی گئی جس کے بعد انہیں کئی ماہ تک وہیل چیئر پر رہنا پڑا۔ خوش قسمتی سے وہ اب مکمل صحتیاب ہو چکی ہیں، مگر آج بھی انہیں بازو، کمر، گردن اور سر میں وقفے وقفے سے درد محسوس ہوتا ہے۔ ہیلی کا کہنا ہے کہ اب ہر بار جمائی آتے ہی وہ خوفزدہ ہو جاتی ہیں اور جمائی دبانے کی کوشش کرتی ہیں۔