(ویب ڈیسک ) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کا الرٹ جاری کردیا ہے۔جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ خلیج کیمبے (بھارت) کے اوپر انتہائی کم دباؤ بن گیا، ویل مارک ایریاخلیج کیمبے اور اس سے ملحقہ گجرات بھارت کے قریب ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباو شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے،یکم اکتوبر کو لو پریشر ایریا شمال مشرقی بحیرہ عرب میں بھارتی علاقے سوراشٹرا انڈیا پہنچنے کی توقع ہے ، شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ابھرنے کے بعد سمندری سرگرمی شدت کے بعد ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، محکمہ موسمیات سائیکلون وارننگ سنٹر، کراچی اس سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے۔