بانی پی ٹی آئی مایوس ہوگئے، جیل سے پارٹی کیلئے اہم پیغام بھجوا دیا

بانی پی ٹی آئی مایوس ہوگئے، جیل سے پارٹی کیلئے اہم پیغام بھجوا دیا

ویب ڈیسک: راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے وکیل اور پارٹی جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ عمران خان نے 27 ستمبر کو ہونے والے جلسے کے انتظامات پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے پارٹی کو اہم ہدایات بھی دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح طور پر کہا ہے کہ جلسے کے انتظامات بہتر ہوسکتے تھے، انہیں جلسہ گاہ میں مٹی اڑنے اور دیگر مسائل کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی عہدیداروں کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی،عوام کے ساتھ چلنا ہے یا پیچھے رہنا ہے؟

انہوں نے کہا کہ جلسے کی جگہ کے تعین پر بھی بانی پی ٹی آئی نے بات کی ہے اور اس حوالے سے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ جوتے دکھانے کے واقعے پر بانی پی ٹی آئی کا مؤقف تھا کہ ہمیں عوام کو ساتھ لے کر چلنا ہے اور کسی صورت محاذ آرائی کا راستہ اختیار نہیں کرنا۔

سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایت ہے کہ پارٹی عہدیدار اور رہنما ہی پارٹی چلائیں گے۔

واضح رہے کہ 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کی جانب سے پشاور رنگ روڈ پر 10 ماہ بعد کروڑوں روپے کی لاگت سے ایک جلسہ منعقد کیا گیا تھا۔ تاہم، جلسے کے مقام اور انتظامات پر کارکنان کی جانب سے تنقید سامنے آئی تھی، پی ٹی آئی کے حامیوں نے بھی جلسے میں ہونے والی بدانتظامی اور کارکنان پر تشدد کی مذمت کی تھی۔

Watch Live Public News