معروف مصری ریسلر کا شاندار کارنامہ، دانتوں سے 700 ٹن وزنی جہاز کھینچ لیا

معروف مصری ریسلر کا شاندار کارنامہ، دانتوں سے 700 ٹن وزنی جہاز کھینچ لیا

ویب ڈیسک: مصری ریسلر اشرف محروس، جنہیں عوام ’قابونگا‘ اور ’اسٹرونگ مین‘ کے نام سے جانتے ہیں، نے ہفتے کے روز بحیرہ احمر کے سیاحتی مقام ہُرغادہ میں اپنے دانتوں سے ایک 700 ٹن وزنی جہاز کھینچ کر سب کو حیران کر دیا۔

44 سالہ اشرف محروس نے اس کے بعد مزید دو جہاز بھی ایک ساتھ کھینچے جن کا مجموعی وزن تقریباً 1 ہزار 150 ٹن بنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس کارنامے کو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں جمع کرائیں گے تاکہ تصدیق ہو سکے کہ آیا یہ موجودہ ریکارڈ، جو 2018 میں 614 ٹن وزنی جہاز کھینچنے پر قائم ہوا تھا، سے بڑا کارنامہ ہے یا نہیں۔

اشرف محروس اس سے قبل مارچ میں ایک 279 ٹن وزنی ٹرین اپنے دانتوں سے تقریباً 10 میٹر تک کھینچ چکے ہیں، جس پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے انہیں دنیا کے سب سے بھاری ریل کھینچنے کا سرٹیفکیٹ دیا تھا۔ اس کے علاوہ انہیں تیز ترین 100 میٹر روڈ وہیکل پل اور سب سے بھاری لوکوموٹیو کھینچنے کے ریکارڈز پر بھی اعزازات مل چکے ہیں۔ تین سال پہلے وہ 15 ہزار 730 کلوگرام وزنی ٹرک بھی دانتوں سے کھینچ چکے ہیں۔

چھ فٹ تین انچ قد اور 155 کلو وزنی اشرف محروس روزانہ چھ گھنٹے ٹریننگ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کوئی سپلیمنٹس نہیں لیتے بلکہ انڈوں، مرغیوں اور مچھلی پر مشتمل پروٹین اور آئرن سے بھرپور غذا کے ساتھ دن میں کم از کم دو مرتبہ ورزش کرتے ہیں۔

اشرف محروس کا اگلا ہدف مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے اجازت لے کر آبدوز کھینچنا ہے جبکہ وہ مستقبل میں ایک طیارہ صرف اپنی پلک کے پٹھوں سے کھینچنے کا خواب بھی دیکھتے ہیں۔

Watch Live Public News