بلاول نے پی ٹی آئی کو ملکی تاریخ کی سب سے کرپٹ سرکار قرار دے دیا

بلاول نے پی ٹی آئی کو ملکی تاریخ کی سب سے کرپٹ سرکار قرار دے دیا

کراچی ( پبلک نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کو ملکی تاریخ کی سب سے کرپٹ سرکار قرار دے دیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھ کہ شروع میں ہی حکومت کو بتادیا تھا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے مگر عمران خان نہیں مانے اور ملکی معیشت تباہ ہوگئی۔ عمران خان کو ایک ایسے بدترین حکمران کے طور پر یاد رکھا جائے گا کہ جس نے احتساب کا نعرہ لگاکر کرپشن کو فروغ دیا۔ عمران خان ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹیں لہرا کر سب کو کرپٹ کہتے تھے اور آج وہی ادارہ کہہ رہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے سب سے زیادہ لوٹ مار کی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ احتساب کو ہتھیار بنا کر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے والے عمران خان کو تاریخ کے کوڑے دان میں بھی جگہ نہیں ملے گی۔ صدر زرداری کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کیلئے ان کے خلاف جعلی ثبوت ڈھونڈنے کا ٹھیکہ غیرملکی فرم کو دینے والوں نے خود اس ادارے کو اربوں روپے جرمانہ ادا کیا۔ کرپشن کے جھوٹے الزامات کی مہم جوئی، مقدمات اور تحقیقات میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے قوم کے اصل مجرم ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا یہ سیاسی انتقام نہیں کہ تحقیقات میں پی ٹی آئی وزرا اور مشیروں پر کرپشن ثابت ہوئی مگر محض الزام کی بنیاد پر صرف خورشید شاہ قید میں ہیں۔ کرپشن تو صرف ایک بہانہ ہے، عمران خان کا اصل مقصد احتساب کے نام پر سیاسی انتقام لے کر اپنے اقتدار کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دبانا ہے۔ اگر کرپشن کے جھوٹے الزامات کی رٹ لگانے والوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالا گیا تو بدعنوانی کی ہوشربا داستانیں سامنے آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف صرف فارن فنڈنگ کے ایک کیس کا فیصلہ آجائے تو قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔ احتساب کا نعرہ تو عمران خان کا ایک کیموفلاج ہے کہ جس کی آڑ لے کر سلیکٹڈ وزیراعظم مافیاز کی سرپرستی کرتے ہیں۔ عمران خان کے سرمایہ دار دوستوں کی لوٹ مار کا خمیازہ عوام مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ عمران خان کے احتساب کے غبارے سے اسی دن ہوا نکل گئی تھی کہ جب وزیراعظم نے کالا دھن سفید کرنے کیلئے ایمنسٹی اسکیم دی۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سوال تو اٹھیں گے کہ گندم، چینی، پیٹرول اور ادویات کے بحرانوں سے اربوں روپے بنانے والے عناصر کو عمران خان نے کس ڈیل کے تحت ڈھیل دی۔ پی ٹی آئی 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کے وعدے کے ساتھ اقتدار میں آئی اور اتنی کرپشن کردی کہ اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ اگر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی بیساکھیوں پر کھڑی حکومت چند پھونکوں کی مار ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔