(ویب ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو دنیا کے دیگر بڑے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دے دیا گیا۔
گلوبل ویب سائٹ نمبیو نے دنیا کے 380 شہروں کی سیفٹی انڈیکس رپورٹ جاری کردی۔جس میں اسلام آباد کو دنیا کے دیگر بڑے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
اسلام آباد نے محفوظ ترین شہروں میں دنیا کے بڑے بڑے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔اسلام آبادلندن، نیویارک،اوسلو، سڈنی، ماسکو، ٹورنٹو اور بارسلونا جیسے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
ورلڈ سیفٹی انڈیکس نمبیو کے مطابق اسلام آباد کو 380شہروں میں93 واں محفوظ ترین شہر قرار دیا گیاہے۔ اسلام آباد 67.9 کے سیفٹی انڈیکس کے ساتھ عالمی رینکنگ میں 93 نمبرپر ہے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے اقوام متحدہ نے اسلام آباد کو اپنے عملے کے لئے فیملی اسٹیشن قرار دیاتھا۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی کی زیر کمان اسلام آباد پولیس نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں ۔ اسلام آباد پولیس نے سال2024اور سال 2025کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی لانے میں کامیابی حاصل کی۔
رواں سال جرائم کی شرح گزشتہ سال کی نسبت 20فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔سال 2025کے دوران دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں کمی موثر پولیسنگ اقدامات، تمام افسران و جوانوں کی محنت اور کارکردگی کی بدولت عمل میں آئی۔
سال 2025میں سال2024کی نسبت 600وارداتیں کم ہوئی ہیں۔ منشیات و شراب فروشوں اور ان کے سہولت کاروں سمیت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن عمل میں لایا گیا۔
منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لئے "نشہ!اب نہیں خصوصی تحریک چلائی گئی۔وفاقی دارلحکومت کو غیر قانونی اسلحہ سے پاک کرنے کے لئے خصوصی کریک ڈاﺅن کیا گیا۔ غیرقانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری ،غیر قانونی اسلحہ وایمونیشن کی برآمدگی کے ساتھ مقدمات کا اندراج بھی کیا گیا۔