ویب ڈیسک: ممکنہ سمندری طوفان کے اثرات، کراچی میں تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے لگے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ساحلی علاقوں میں ہوا کی شدت 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ ڈیپ ڈیپریشن اب سائیکلون کی صورت اختیار کرگیا ہے جبکہ سمندری طوفان اسنیٰ کراچی کے جنوب مشرق میں 170 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
اس وقت اس کے زیر اثر شہر میں 35 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ آج رات بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ اس سمندری طوفان کی سمت بلوچستان، عمان کی جانب ہے۔ بارشیں اسی سسٹم کے زیر اثر ہورہی ہیں۔
شاہراہ فیصل پر تیزہواؤں کے جھکڑ چلنے سے متعدد درخت گرگئے۔ سڑک پر درخت گرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے متعدد مقامات پر درخت گرنے کی اطلاعات ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ملیر کالا بورڈ، ملیر ہالٹ پر درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔