لاہور میں مون سون کا طوفانی اسپیل، جل تھل ایک ہوگیا

لاہور میں مون سون کا طوفانی اسپیل، جل تھل ایک ہوگیا
کیپشن: لاہور میں مون سون کا طوفانی اسپیل، جل تھل ایک ہوگیا

ویب ڈیسک: لاہور میں مون سون کا ایک اور طوفانی اسپیل شروع ہوچکا ہے۔ موسلادھار شدید بارش نے جل تھل ایک کردیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقوں مال روڈ،لکشمی،ماڈل ٹاؤن،ملتان روڈ،فیروز پور روڈ،اقبال ٹاؤن،ریلوے اسٹیشن،گڑھی شاہو،باغبانپورہ، وحدت روڈ پر شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پانی والا تالاب،جیل روڈ،فیصل ٹاؤن، ٹاؤن شپ،کوٹ لکھپٹ، چوک ناخدا اور مغل پورہ میں بھی شدید بارش کی اطلاع ہے۔ 

دوسری جانب مون سون کے نئے سپیل نے ملک کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

 ملکہ کوہسار مری میں موسلادھار بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے سیاحوں کی بڑی تعداد لطف اندوز ہو رہی ہے لیکن لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ آزاد کشمیر کے مختلف حصوں میں بھی بادل جم کر برسے، میرپور اور باغ میں شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہو گیا۔

ایبٹ آباد، نارووال، فیروزوالہ، بہاولنگر اور دیگر شہروں میں بھی بارش نے نشیبی علاقوں کو متاثر کیا، کئی مقامات پر فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بارشوں کے دوران حادثات بھی رپورٹ ہوئے۔ لاہور کے علاقے کاہنہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ فیروزوالہ میں مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں ایک خاتون زندگی کی بازی ہار گئی اور 3 افراد زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون کا یہ سپیل 2 ستمبر تک جاری رہے گا۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مزید شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے راوی، ستلج اور چناب کے ملحقہ علاقوں میں سیلابی صورتحال میں مزید شدت آسکتی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں الرٹ جاری کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں۔

Watch Live Public News